پنجاب: اینٹی بائیوٹک ادویات کا بے جا استعمال روکنےکیلئے اقدامات کا فیصلہ

05-26-2024

(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے میں اینٹی بائیوٹک ادویات کا بے جا استعمال روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت صوبے میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے جا استعمال پراجلاس ہوا، جس میں ادویات کا بے جا استعمال  روکنےکاعندیہ دیا گیا۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے اجلاس میں کہا کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کے  بے جا استعمال سے انسانی  جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، اینٹی بائیوٹک ادویات کا بے جا استعمال  روکنے کے لیے ہیلتھ کیئرکمیشن اور ڈریپ سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر صحت پنجاب نے ہدایت کی کہ ڈرگ کنٹرول ونگ، پی ایچ سی اور ڈریپ سے مشاورت کےبعد ایک ہفتے میں سفارشات دے، سفارشات حتمی منظوری کے لیے اعلیٰ حکام کو پیش کی جائیں گی۔ خواجہ عمران نذیر کا اجلاس میں کہنا تھا کہ میڈیکل سٹورز پر اینٹی بائیوٹک اور نشہ آور ادویات کی فروخت ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سال 2019 میں اینٹی بائیوٹک ادویات کے بے دریغ استعمال سے  پاکستان میں 60 ہزار افراد کی اموات ہوئیں۔