ایس آئی ایف سی پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے: وزیر اعظم

05-25-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ملک محنت سے ہی آگے بڑھے گا، کانٹوں سے گزرنا ہو گا کوئی ٹونا ساتھ نہیں دے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور بھی موجود تھے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی شریک ہوئے۔ ایس آئی ایف سی کے اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اجلاس میں شرکت پر آپ سب کا شکر گزار ہوں، اس سے پہلے بھی اہم معاملات پر بات کی گئی، ایس آئی ایف سی کے حوالے سے افسران مل کر کام کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے حوالے سے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا اور فوجی افسران محنت کر رہے ہیں، حالیہ دنوں میں سعودی عرب جانے کا موقع ملا، ایس آئی ایف سی کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دوسرے ممالک کے وفود سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، ایس آئی ایف سی کا نام ان کو زبانی یاد تھا، ایس آئی ایف سی ملکی ترقی، خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کو ایس آئی ایف سی پر اعتماد ہے، ایس آئی ایف سی کی شفافیت اور کارکردگی نے تمام ناقدین کی زبانوں پر تالا لگا دیا، صرف برادر نہیں، دوسرے ممالک بھی ایس آئی ایف سی پر بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے کشکول توڑ دیا، اب تجارتی و معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل کوئی سرخ فیتہ برداشت نہیں، سعودی عرب ہر طرح پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے، اپنے اہداف کو ایس آئی ایف سی کے ذریعے حاصل کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کی 100 فیصد ڈیجیٹلائزیشن کیلئے ٹیم ہائر کر لی ہے، پروفیشنل ازم اور ایکسپرٹس کا بہت بڑا فقدان ہے، وزارتوں کو کہا تھا آپ ایکسپرٹس اور کنسلٹنٹس سے بات کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور تمام صوبے ایس آئی ایف سی پر اعتماد کرتے ہیں، آج عہد کریں ہم اپنے اہداف حاصل کر لیں گے، یواے ای نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں کا مزید کہنا تھا حقیقت یہ ہے کروڑوں نہیں اربوں کے خزانے پاکستان میں دفن ہیں، ہم نے جرمانے بھرے ہیں، خزانوں کا قوم کو فائدہ نہیں ہوا، ایس آئی ایف سی صرف افواج پاکستان کے افسران کا نام نہیں، ایس آئی ایف سی میں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا اور دیگر لوگ شامل ہیں۔