مثبت معاشی اشاریے پاکستان کیلئے بہتر مستقبل کی نوید ہیں: مریم نواز

05-25-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مثبت معاشی اشاریے پاکستان کیلئے بہتر مستقبل کی نوید ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یو اے ای کی جانب سے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حکومت پر بیرونی اعتماد کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ! پاکستان اور پاکستانی عوام کے لئے اچھے دن آ رہے ہیں، مثبت معاشی اعشاریے پاکستان کے لئے بہتر مستقبل کی نوید ہیں، پاکستان سٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈز قائم کر رہی ہے، سٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس کا مثبت رجحان خوش آئند ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ روٹی سمیت دیگر اشیاء کے نرخ میں مزید کمی ہو گی، مہنگائی کی شرح میں کمی آئے گی اور پاکستانی کرنسی مستحکم ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے شر سے ملک کو محفوظ رکھے، حکومت کی پوری توجہ مہنگائی میں کمی لا کر عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔