حکومت نے کھاد کارخانوں کیلئے گیس پر سبسڈی ختم کرنے کی منظوری دیدی

05-25-2024

(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کھاد کارخانوں کیلئے گیس پر سبسڈی ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے اتفاق رائے سے کھاد کارخانوں کو ملنے والی سبسڈی مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھاد کے کارخانوں کو اس وقت 217 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سبسڈی مل رہی ہے اور کارخانوں کو اس وقت 1597 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر گیس سپلائی کی جا رہی ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق کھاد کارخانوں کو سبسڈی دینے سے کسانوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا، فیصلے پر عملدرآمد کے بعد کارخانوں کو گیس 1814 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر فراہم کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کسانوں کو براہ راست سبسڈی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔