سرگنگارام ہسپتال میں تعمیراتی کام کے دوران سامان چوری، مقدمہ درج
05-25-2024
(لاہور نیوز) لاہور کے سر گنگارام ہسپتال میں تعمیراتی کام کے دوران سامان چوری ہونے کی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سٹی سکین اور ایم آئی آر سیکشن سے لاکھوں روپے مالیت کی 44 بیٹریاں چوری ہوگئیں، سول لائن پولیس سٹیشن میں 44 عدد بیٹریاں چوری ہونے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ ایف آئی آر متن کے مطابق بیٹریاں ہسپتال میں کام کرنے والے ٹھیکیدار بابر اور اس کے مزدورں نے چوری کیں، ان افراد نے تعمیراتی کاموں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے بجلی کے تار اور دیگر سامان بھی چوری کیا۔ پولیس نے ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کی بجائے ہسپتال کے عملے کو حراست میں لے لیا، گنگارام ہسپتال انتظامیہ نے اس واقعہ پر سی سی پی او لاہور کو احتجاجی مراسلہ بھیج دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے انتظامیہ کو بتائے بغیر ڈیوٹی پر موجود ملازمین کو حراست میں لے لیا، آئندہ کوئی بھی کارروائی کرنے سے پہلے انتظامیہ کو اعتماد میں لازمی لیں۔