ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کا منفرد انداز میں اعلان، شائقین گرویدہ

05-25-2024

(ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کے منفرد انداز میں اعلان نے شائقین کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کیلئے سکواڈ کا اعلان بالکل منفرد انداز میں کیا جس پر شائقین بھی داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔ پاکستان میں موجود تمام کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد نے ٹیم ممبرز کی تصویر کے ہمراہ نام بتائے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔ قومی ٹیم کے 15 رکنی ورلڈکپ سکواڈ کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، محمد رضوان، فخرزمان، اعظم خان، عثمان خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، محمد عامر، عباس آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ ٹیم کے ٹی 20 ورلڈکپ سکواڈ کا اعلان دو بچوں انگس اور ماٹلڈا نے پریس کانفرنس کر کے کیا تھا جس نے دنیا بھر کے شائقین کو حیرت زدہ کردیا تھا، یہ کرکٹ کی تاریخ کا انوکھا اور نرالا واقعہ تھا جسے خوب سراہا گیا۔