جیل سے منظم پروپیگنڈا پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے: عظمیٰ بخاری

05-24-2024

(لاہور نیوز) وزیراطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جیل سے منظم پروپیگنڈا پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے، فضول قسم کا الزام لگاتے ہیں کہ مجھے زہر دیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہمارے ایک مہمان اڈیالہ جیل میں ہیں، اڈیالہ جیل والے مہمان پاکستان کو لاکھوں میں پڑتے ہیں، یہ علیحدہ پروپیگنڈا ہے کہ مجھے کسی کو ملنے نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ ان سے ملنے کون جا رہا ہے، مسئلہ یہ ہے کہ وہاں سے باہر کیا آ رہا ہے، لوگ ملاقات کے بعد باہر آ کر کہتے ہیں یہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے، ایک منظم پروپیگنڈا کو جیل سے شروع کر کے پورے ملک میں پھیلایا جاتا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک فضول قسم کا الزام لگاتے ہیں کہ مجھے زہر دیا جائے گا، اشتعال انگیزی اور اداروں کے خلاف مہم چلانا اس پارٹی کا ایجنڈا ہے، جن کو آج کل نیا نیا انقلاب آیا ہوا ہے وہ ملک کا نہیں سوچ رہے، بانی پی ٹی آئی نے اس ملک میں کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی تھیں؟۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیلی گراف میں کالم چھپتا ہے اور اس میں درج ہوتا ہے مجھے مار دیا جائے گا، یہ شخص ذہنی بیماری کا شکار ہے جس کا تماشہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے، پاکستان کی سلامتی عوام کیلئے سب سے زیادہ معنی رکھتی ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پوری کابینہ نے آج مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا، چاول 100 روپے فی کلو سستے، 3500 والا گیس سلنڈر 2500 روپے کا ہو گیا ہے، روٹی 12 روپے، پٹرول سستا، سیمنٹ، سریا، ڈالر ریٹ بھی کم ہوا ہے، عوام اپنے منہ سے کہہ رہے ہیں کہ اشیا ضروریہ سستی ملنا شروع ہو گئی ہیں۔