عدالت نے پیمرا کو ٹی وی چینلز کیخلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا
05-24-2024
(لاہور نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف درخواست پر پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ٹی وی چینلز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کورٹ رپورٹرز تنظیموں کی جانب سے پیمرا نوٹیفکیشن کے خلاف مشترکہ درخواست پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی اور اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے پیمرا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کر دیا۔ بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا اور سیکرٹری انفارمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے درخواست پر سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی۔