مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے ریلیف، برائلر گوشت 46 روپے فی کلو سستا

05-24-2024

(لاہور نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف مل گیا، برائلر گوشت 46 روپے فی کلو سستا ہو گیا۔

سستا ہونے کے بعد برائلر گوشت کی فی کلو قیمت 392 روپے مقرر ہو گئی، فارمی انڈے بھی 10 روپے سستے، 251 روپے فی درجن ہو گئے، مٹن اور بیف کے دام بدستور بے لگام ہیں، بیف 1400 روپے اور مٹن 2300 روپے فی کلو ہے۔ دوسری جانب سرکاری ریٹ لسٹ میں 8 سبزیوں کے دام مزید بڑھا دیئے گئے، اوپن مارکیٹ میں ادرک 650 روپے، ٹینڈے دیسی 160 روپے فی کلو بیچے جا رہے ہیں، میتھی 180 روپے، بینگن اور کھیرے 100 روپے، پالک 50 روپے فی کلو مل رہی ہے، اروی 350 روپے اور گاجر چائنہ 80 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ پھلوں کی خریداری بھی مشکل ہو گئی، سرکاری نرخ نامہ میں 6 پھلوں کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا، مارکیٹ میں کیلے درجہ اول 180 روپے، درجہ دوم 140 روپے فی درجن ہیں، خوبانی 250 روپے، خربوزہ 120 روپے، پپیتا 300 روپے اور کھجور ایرانی 520 روپے فی کلو بیچی جا رہی ہے۔ عوام کہتے ہیں تمام اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہئے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو مستقل بنیادوں پر کنٹرول کیا جائے، مارکیٹ میں سرکاری ریٹ لسٹوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، دکاندار اشیائے خورونوش کے من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔