لاہور میں بجلی کی آنکھ مچولی، ترسیلی نظام میں تکنیکی خرابیوں کی بھرمار

05-24-2024

(لاہور نیوز) لاہور میں شدید گرمی کے ساتھ ہی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

لیسکو کے ترسیلی نظام پر لوڈ بڑھتے ہی تکنیکی خرابیوں کی بھرمار ہو گئی جبکہ لیسکو کی بجلی کی طلب بھی 3950 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی۔ این پی سی سی کی جانب سے لیسکو کا کوٹہ 3800 میگاواٹ مقرر کیا گیا لیکن لیسکو طلب سے کم 3500 میگاواٹ بجلی وصول کر رہی ہے، شارٹ فال بڑھنے پر لیسکو نے ہائی لاسز فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 2 سے 8 گھنٹے تک کر دیا۔ کیٹیگری ون اور ٹو پر زیرو لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے، شیڈول کے برعکس مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بوسیدہ اور اوور لوڈڈ ٹرانسفارمر جلنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں ٹرانسفارمر جلنے لگے، تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمر جلنے کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا ہے۔