لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک آئس سمگل کرنے کی کوشش ناکام، 2 ملزمان گرفتار

05-24-2024

(لاہور نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے بھاری مقدار میں آئس بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کپڑوں میں جذب کر کے شارجہ سمگل کی جا رہی تھی، کارگو بھیجنے والے لاہور کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اے این ایف کے مطابق آئس کو کپڑے سے علیحدہ کرنے کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے، لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد آئس کی درست مقدار کا تعین ہوگا۔ ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔