لاہور: ڈیفنس میں سابق اداکارہ زینب جمیل پر فائرنگ کی فوٹیج سامنے آ گئی

05-24-2024

(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سابق اداکارہ و ماڈل زینب جمیل پر ہونے والی فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق اداکارہ و ماڈل زینب پر ایک روز قبل لاہور کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار دو حملہ آوروں میں سے ایک موٹر سائیکل سے اتر کر گاڑی کا دروازہ کھول کر فائرنگ کرتا ہے۔ ویڈیو میں فائرنگ کے بعد دونوں حملہ آوروں کو فرار ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، حملہ آوروں نے کالے رنگ کے کپڑے اور چہرے پر ماسک لگار کھا تھا، زینب کی 2017ء میں شادی ہوئی تھی، وہ دو بچوں کی ماں ہیں، پولیس نے زینب کے ماموں کی درخواست پر دو نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ زخمی زینب نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ کچھ عرصے سے دھمکیاں دی جا رہی تھیں، ملزموں نے سیلون پر دھمکی آمیز خط بھی بھیجا تھا، ملزمان پہلے سے گھات لگائے وہاں موجود تھے، ملزمان کو نہیں جانتی، دوسری جانب پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان کی شناخت کر لی گئی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔