مزاحیہ اداکار رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 19 برس بیت گئے

05-24-2024

(لاہور نیوز) مزاحیہ فلمی اداکار محمد سعید خان عرف رنگیلا کو مداحوں سے بچھڑے 19 برس بیت گئے ہیں۔

ورسٹائل اداکار رنگیلا کا اصل نام محمد سعید خان تھا وہ پارا چنار کرم ایجنسی میں پیدا ہوئے، اداکار نے عملی زندگی کا آغاز ایک باڈی بلڈر کے طور پر کیا، روزی کمانے کیلئے وہ فلموں کے بورڈز بھی پینٹ کرتے رہے، پھر سٹیج ڈراموں میں جلوہ گر ہونے لگے۔ منفرد اور مزاحیہ اداکار رنگیلا نے فنی کیرئیر کا آغاز 1958ء میں فلم ’’جٹی‘‘ سے کیا، فلم ’’الفت‘‘ میں بے مثال اداکاری کی اور اس فلم میں ان کے تکیہ کلام ’’اتفاق سے” نے خوب شہرت پائی، رنگیلا کو فلموں میں جو بھی کردار ملا اسے بخوبی نبھایا۔ رنگیلا نے بطور ہدایت کار، فلم ساز اور گلوکار بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، اداکار کے مداحوں نے مزاح کو نئی جہت دینے پر انہیں رنگیلا کا لقب دیا، رنگیلا نے 400 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کو پرائیڈ آف پرفارمنس اور 11 بار نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اداکار رنگیلا نے سنجیدہ اداکاری میں بھی خود کو منوایا، ان کا ذکر کئے بغیر پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ادھوری رہے گی، رنگیلا 24 مئی 2005ء میں اس دنیا فانی سے کوچ کر گئے۔