یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے اور چینی کے نرخ عام مارکیٹ سے زیادہ ہو گئے

05-23-2024

(لاہور نیوز) یوٹیلیٹی سٹورز پر عام صارف کی دلچسپی ختم ہو گئی، آٹے اور چینی کے نرخ عام مارکیٹ سے زیادہ ہو گئے۔

یوٹیلیٹی سٹورز عام صارفین کے لئے کام کے نہ رہے، یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب اشیاء مارکیٹ سے مہنگی فروخت ہونے کے باعث ویرانی چھانے لگی۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر عام صارف کے لئے دس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1500 روپے مقرر ہے جبکہ بازار میں یہی تھیلا 900 روپے تک دستیاب ہے، بے نظیر انکم پروگرام صارف کو یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا 648 روپے میں مل رہا ہے۔ اسی طرح عام صارف کے لئے یوٹیلیٹی سٹورز پر فی کلو چینی کا نرخ 155 جبکہ مارکیٹ میں 145 روپے کلو ہے، بے نظیر پروگرام صارف کے لئے چینی ریٹ 109 روپے فی کلو ہے، رمضان المبارک کے بعد سے چینی کی سپلائی بند ہے۔ مارکیٹ سے مہنگا ہونے کی وجہ سے عام صارف نے یوٹیلیٹی سٹورز پر آنا چھوڑ دیا، یہاں پر اب صرف بے نظیر پروگرام کے رجسٹرڈ صارف ہی آتے ہیں، انکی شکایات بھی موجود ہیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز سے سستا آٹا اور گھی خریدنے کے لئے دیگر عام اشیاء کی خریداری بھی لازم ہے۔