چند لوگوں کے مفادات کی خاطر قوم ٹیکس بھگت رہی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن
05-23-2024
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے چند لوگوں کے مفادات کی خاطر پاکستانی قوم بھاری ٹیکس بھگت رہی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چند اہم معاملات جس کو 25 کروڑ پاکستانی سامنا کر رہے ہیں اس پر بات کرنا ضروری ہے، بجٹ کی تیاری جاری ہے لیکن آئی ایم ایف کے علاوہ اس بجٹ میں اور کچھ نہیں ہوتا، حکمران اپنی آسائشوں کو چھوڑنے پر امادہ نہیں ہیں اور سارا ٹیکس کا بوجھ عوام پر ڈالتے ہیں، حکمرانوں نے ظالمانہ طرز کے معاہدے کئے، بجلی استعمال کر رہے ہیں یا نہ کریں بھاری بل دینے پڑتے ہیں، حکومت کا کام ہے کہ عوام کو سستی بجلی مہیا کرے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا آئی ایم ایف کا ایجنڈا قوموں کو یرغمال بنانے کا ہوتا ہے، آئی ایم ایف ایسی پالیسیز بناتے ہیں جس سے قومیں نہ صرف معاشی بلکہ سیاسی طور پر بھی یرغمال بن جاتیں ہیں، یہ ہمیشہ آئی ایم ایف کے زیراثر جو بھی پالیسی بنائیں گے وہ ہمارے لئے بہتر نہیں۔ انہوں نے مزید کہا حد یہ ہے کہ آئی ایم ایف براہ راست ہمارے اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں، آئی ایم ایف کی مداخلت سے بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوا، حکومت کہاں ہے؟ آئی پی پی کے معاہدے پوری قوم کے لئے تباہ کن ہیں، ان معاہدوں کو ریوائز کیوں نہیں کیا جا سکتاَ؟ میڈیا پر پابندی لگانے کو جماعت اسلامی مسترد کرتی ہے۔