آئی ایم ایف مذاکرات: آئندہ بجٹ میں ملکی قرضوں میں اضافے کا امکان
05-23-2024
(لاہور نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات میں نئے قرضوں کے فریم ورک پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی بجٹ 25-2024 میں پاکستان کے قرضوں میں اضافہ ہونے کا امکان ہے، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھی آئندہ بجٹ میں قرضوں کے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے مالی سال میں قرض 10 ہزار 433 ارب روپے ہو سکتا ہے، اس طرح آئندہ مالی سال میں قرض بڑھ کر 87 ہزار 346 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ مالی سال حکومت کے مقامی قرض میں 7 ہزار 636 ارب روپے اضافہ متوقع ہے، علاوہ ازیں ایک سال میں حکومت کے غیر ملکی قرض میں 2 ہزار 797 ارب روپے اضافے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال پاکستان کا مقامی قرضہ بڑھ کر 53 ہزار 878 ارب روپے ہو سکتا ہے، ایک سال میں حکومت کا غیر ملکی قرضہ بڑھ کر 33 ہزار 648 ارب روپے پر پہنچ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال حکومت کے قرضے 76 ہزار 913 ارب روپے پر پہنچنے کا امکان ہے، مالی سال کے اختتام تک حکومت کا مقامی قرضہ 46 ہزار 242 ارب روپے جبکہ حکومت کا غیر ملکی قرضہ مالی سال کے اختتام تک 30 ہزار 671 ارب روپے رہنے کا امکان ہے۔