منشا پاشا شائقین سےعمران اشرف کے سلوک کی معترف، کھل کر تعریف کر ڈالی
05-23-2024
(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ منشا پاشا نے اداکار و میزبان عمران اشرف کی کھل کر تعریف کر ڈالی۔
اداکارہ منشا پاشا کی ان دنوں ایک سوشل میڈیا پوسٹ خوب وائرل ہو رہی ہے ، جس میں یہ اداکارعمران اشرف کی اپنے مداحوں کے ساتھ اچھے انداز میں پیش آنے سے متعلق گفتگو کر رہی ہیں۔ منشا پاشا اپنی پوسٹ میں کہتی ہیں کہ جس انداز میں عمران اشرف اپنی آڈیئنس کیساتھ پیش آتے ہیں یہ دیکھنا بہت اچھا لگتا ہے، یہ سب ہمیں کسی اور شو میں دیکھنے کو نہیں ملتا اور ان کا یہ عمل تعریف کے قابل ہے، عمران آپ اچھا کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ اداکار عمران اشرف کیلئے منشا پاشا نے یہ بات اس لیے کہی کیونکہ یہ گزشتہ کچھ عرصے سے دنیا نیوز پر مزاحیہ پروگرام مذاق رات کی میزبانی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور اس شو پر ان کے مداح بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہیں۔ گزشتہ دنوں عمران اشرف کی مذاق رات سے ایک ویڈیو خوب وائرل ہوئی تھی جس میں یہ ذہنی معذور بچی سے گفتگو کرنے میں مصروف تھے۔ دورانِ پروگرام عمران اشرف اپنی خاتون مہمان ثروت گیلانی کے ہمراہ مداحوں کے سوالات کے جوابات دے رہے تھے، اس دوران عمران کی نظر اس لڑکی پر پڑی اور اسے اپنے پاس سٹیج پر بلا لیا۔ مذکورہ لڑکی نے اپنے من پسند اداکار کے پاس آتے ہی کہا کہ مجھے آپ بہت پسند ہیں ، میں نے آپکا ڈرامہ دیکھا تھا جس میں آپ نے بھولے کا کردار نبھایا تھا ، یہ سنتے ہی عمران نے معصوم لڑکی کی خاطر ایک مرتبہ پھر سے خود کو بھولے کے کردار میں ڈھال کر لڑکی کی تعریف کی کہ تمہارے بال، مہندی اور آنکھیں بہت خوبصورت ہیں جس پر ان کی یہ مداح بے انتہا خوش ہو گئی۔ اس کے بعد لڑکی نے عمران کو دعوت بھی دے ڈالی کہ آپ ہمارے ساتھ کھانا کھائیں، یہ سنتے ہیں عمران نے دعوت قبول کر لی۔