سرکاری اداروں، دفاتر کو نشانہ بنانیوالی سائبر کرائم مہم سے متعلق ایڈوائزری جاری
05-22-2024
(لاہور نیوز) سرکاری اداروں اور اعلیٰ دفاتر کو نشانہ بنانے والی سائبر کرائم مہم سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی گئی۔
سرکاری اداروں کو سائبر خطرات سے متعلق ایڈوائزری نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ٹیم کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ سائبر مہم سسٹم میں داخل ہوکر فشنگ کے ذریعے حساس ڈیٹا چوری کرسکتی ہے، ہیکنگ کے لیے مختلف حربوں، تکنیکوں کے ساتھ فشنگ پی ڈی ایف دستاویز میں یو آر ایل کلک شامل ہے۔ ایڈوائزری میں اعلیٰ اداروں کو سائبر مہم سے لاحق خطرات کو کم کرنے کے لیے متعدد حفاظتی اقدامات کی سفارش کی گئی جبکہ دفاتر میں حفاظتی اقدامات کے لیے ای میل سکیورٹی میں اضافہ کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔ نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ٹیم کی جانب سے ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دفاتر کے دستاویزات کی ہینڈلنگ کو محفوظ بنایا جائے۔ایڈوائزری میں حکومتی اداروں، وزارتوں، ڈویژنز کو ہوشیار رہنے کی اپیل کی گئی ہے جبکہ سائبر خطرات سے تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کو نافذ کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔