پی آئی اے کی بڈنگ لائیو ٹیلی کاسٹ کی جائے گی: عبدالعلیم خان

05-22-2024

(لاہور نیوز) وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے پی آئی اے کی بڈنگ لائیو ٹیلی کاسٹ کی جائے گی، پوری قوم دیکھے گی۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا اس وقت پی آئی اے کے 18 جہاز چل رہے ہیں، اب 18 جہازوں کے ساتھ 10 ہزار ملازمین ہیں تو کیا کریں، ملازمین آج اس لیے زیادہ لگ رہے ہیں کہ آپ کے پاس جہاز نہیں ہیں، ہم نے آج تک جتنی ایئرلائنز میں سفر کیا بہترین کپتان اور ملازمین پی آئی اے میں ملتے ہیں، اگر آپ پی آئی اے کی نجکاری نہیں کرتے تو یہ اس طرح نہیں چل سکتی، اگر پی آئی اے بند ہو گئی تو پھر ملازمین کا کیا بنے گا؟ ہم نے شرائط میں شامل کیا ہے کہ بڈنگ کے بعد کمپنی ملازمین کو 3 سال تک تو رکھے گی۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا پی آئی اے میں اضافی بھرتیاں کس نے کیں وہ دیکھیں، گورنمنٹ کا کام بزنس کرنا نہیں بلکہ سہولت دینا ہے، جب گورنمنٹ بزنس کرتی ہے تو انجام یہی ہوتا ہے جہاں ہم اب کھڑے ہیں، اس وقت پی آئی اے ہمارے لئے شرمندگی کا باعث بن چکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا پی آئی اے کی نجکاری شفاف انداز میں ہو رہی ہے، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل براہ راست نشر ہو گا، کمپنیز کی پری کوالیفکیشن کا عمل ابھی جاری ہے، پی آئی اے سے متعلق جتنے بھی سوالات ہیں میں جواب دینے کو تیار ہوں، یقین دلاتا ہوں کہ پی آئی اے کی نجکاری مکمل شفاف ہو گی۔