صنم بلوچ کا شوبز میں واپسی کا عندیہ

05-22-2024

(ویب ڈیسک) اداکارہ صنم بلوچ نے سکرین سے طویل عرصے تک دوری اختیار کرنے کے بعد کم بیک کا اشارہ دے دیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر چند ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اپنے کم بیک کا اشارہ دیا، مختصر ویڈیوز میں صنم بلوچ بندی اور ناک میں لانگ پہنے دیکھی گئیں۔ ان ویڈیوز کے بیک گراؤنڈ میں انہوں نے اپنی لُک کے حساب سے پنجابی سانگ کا ٹچ دے رکھا ہے۔ سکرین سے دوری کے بعد سے صنم بلوچ  کو صرف خاص مواقعوں پر انسٹاگرام پر پوسٹس شیئر کرتے دیکھا جاتا تھا ۔ لیکن یہ  طویل مدت بعد پہلا موقع ہے جب انہوں نے اپنی کوئی ذاتی ویڈیو پوسٹ کی۔ جیسے ہی اداکارہ نے انسٹاگرام پر تین کلوز اپ ویڈیوز شیئر کیں مداحوں کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔ کوئی ان کے حسن کی تعریف کرتا دکھائی دیا تو کسی نے ان ویڈیوز کو انکی شوبز میں واپسی کا عندیہ قرار دیا ۔  خیال رہے کہ صنم بلوچ نے اپریل 2018 میں اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔ طلاق کے اعلان کے بعد انہیں ٹیلی ویژن پر شاذ و نادر ہی دیکھا گیا ۔ اداکار نے اگست 2020 میں اعلان کیا کہ انہوں نے دوبارہ شادی کر لی ہے اور اب وہ ایک بیٹی کی ماں ہیں۔  ‘دام‘،‘من چلے‘، ‘داستان‘،‘اکبری اصغری‘ اور درِ شہوار‘ جیسے ڈراموں میں کام کرکے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ صنم بلوچ آج بھی کئی مداحوں کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور مداح اِن کی شوبز میں واپسی کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔