ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائے گا
05-22-2024
(لاہور نیوز) 4 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ انگلینڈ کے شہر لیڈز میں ہو گا، دونوں ٹیمیں رات ساڑھے 10 بجے میدان میں اتریں گی، قومی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ انگلش ٹیم کی کپتانی کے فرائض جوز بٹلر سرانجام دیں گے۔ میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے ساتھ سیریز ورلڈ کپ سے پہلے تیاری کیلئے سنہری موقع ہے، سیریز جیت کر ورلڈ کپ کیلئے اعتماد حاصل کریں گے، ورلڈ کپ کا کمبی نیشن سوچ لیا ہے، میں ون ڈاؤن کھیلوں گا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آج ہونے والا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق لیڈز میں بارش کا 60 فیصد امکان ہے، دن میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ دوپہر کو شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے رات 12 بجے تک جاری رہ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد تک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے جس کے باعث باؤلرز اور فیلڈرز کو گیند تھامنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ پچ میں نمی بلے بازوں کیلئے بھی مشکلات پیدا کرے گی۔ چار میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 25 مئی کو برمنگھم، تیسرا میچ 28 مئی کو کارڈف میں ہوگا، چوتھا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 30 مئی کو لندن میں کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی کرکٹ میں انگلینڈ کا پلڑا بھاری ہے، برطانیہ اور پاکستان میں 29 بار آمنا سامنا ہوا، 19 میں انگلش ٹیم فاتح رہی، گرین شرٹس نے صرف 9 میچز میں فتح سمیٹی، ایک میچ بغیر نتیجہ رہا۔ پاکستان نے انگلش ٹیم کیخلاف انگلینڈ میں 12 ٹی 20 میچز کھیلے اور صرف 4 میں کامیابی سمیٹی، نیوٹرل وینیو پر دونوں ٹیموں میں 10 بار ٹاکرا ہوا، انگلینڈ 8 بار کامیاب رہا، پاکستان صرف 2 میچ جیت سکا۔