عمران خان کا مطالبہ ہے دبئی لیکس میں جن کے نام ہیں وہ منی ٹریل دیں، بیرسٹر گوہر

05-21-2024

(لاہور نیوز) پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ روٹین کی ملاقات ہوئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے آج پہلی بار دبئی لیکس پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے، بانی پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے جن کے دبئی لیکس میں نام آئے وہ منی ٹریل دیں، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم این اے 148 کے رزلٹ کو مسترد کرتے ہیں، یہ جیتے ہوئے نہیں ہارے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے وزیراعظم شہباز شریف کی بات پر تبصرہ کیا ہے، شہباز شریف کہتے ہیں عوام قربانی دیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اس بار شریف برادران اور آصف زرداری قربانی دیں، این اے 148 الیکشن میں بیرسٹر تیمور ملک کو آر او آفس میں جانے کی اجازت نہیں دی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہتک عزت قانون کو مسترد کرتی ہے، 8 جون کو اسلام آباد میں ہمارا جلسہ ہو گا، ہمیں عدالتوں سے امید ہے جلد فیصلے ہوں گے تو بانی پی ٹی آئی اسی ماہ باہر ہوں گے۔