گندم درآمد سکینڈل: وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کے4 افسروں کو معطل کرنے کی منظوری

05-21-2024

(ویب ڈیسک) نگران دور حکومت میں اضافی گندم درآمد کرنے کے سکینڈل میں حکومت نے سرپلس گندم امپورٹ کرنے کے ذمہ داروں کا تعین کر لیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دے دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارشات کی روشنی میں وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کے 4 افسروں کو معطل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ سابق وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی محمد آصف کے خلاف باضابطہ کارروائی کی منظوری دی گئی جبکہ سابق ڈی جی پلانٹ پروٹیکشن اے ڈی عابد کو معطل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق فوڈ سکیورٹی کمشنر ون ڈاکٹر وسیم، ڈائریکٹر سہیل کو بھی معطل کرنے کی منظوری دی گئی ہے، ذمہ دار افسروں پر ناقص منصوبہ بندی اور غفلت برتنے کا چارج لگایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سرپلس گندم امپورٹ سے ملک میں گندم کی مارکیٹ کریش ہوئی جس سے کسانوں کو گندم سستے داموں فروخت کرنا پڑی۔