9 مئی مقدمات: عمران خان کی بہنوں و دیگر کیخلاف ریکارڈ پیش نہ کرنے پر عدالت برہم
05-21-2024
(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت دیگر کے خلاف مقدمات کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں علیمہ خان ،عظمیٰ خان ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری سمیت دیگر کیخلاف 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور عمرایوب سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے، پراسیکیوشن نے آج بھی ملزمان کا ریکارڈ پیش نہ کیا جس پر عدالت نے ناراضی کا اظہار کیا۔ اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے حکم دیا کہ پراسیکیوشن ملزمان کو شامل تفتیش کرنے کا کوئی طریقہ کار طے کرے، مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کا طریقہ کار ملزمان کو آج شام تک بتایا جائے۔ بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان سے تفتیش کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے علیمہ خان ، عظمیٰ خان، عمرایوب اور فواد چودھری سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 29 جون تک توسیع کردی۔