ایف آئی اے کی کارروائی، شہریوں کے اغوا میں ملوث ملزم سمیت 2 افراد گرفتار
05-21-2024
(لاہور نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے سادہ لوح شہریوں کے اغواء میں ملوث ملزم سمیت 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان میں عاطف بلال اور اکرام سیفی شامل ہیں، ملزم عاطف بلال کو لاہور جبکہ ملزم اکرام سیفی کو اوکاڑہ سے گرفتار کیا گیاہے۔ حکام کاکہنا ہے کہ ملزم عاطف بلال نے شکایت کنندہ کے بھائی کو ملازمت کا جھانسہ دے کر ایران بھجوایا، ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ شہری کو ایران میں یرغمال بنایا ، متاثرہ شہری کو ایران میں تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا، ملزم کی جانب سے متاثرہ شہری کی رہائی کیلئے 50 لاکھ روپے کا تاوان بھی مانگا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم اکرام سیفی نے شہری کو بیرون ملک بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے ، ملزم نے شہری کو جرمنی بھجوانے کے نام پر 7 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے، ملزم پیسے وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔