حکومت کی بجلی صارفین پر مزید 35 ارب کا بوجھ ڈالنے کی تیاری

05-21-2024

(لاہور نیوز) حکومت نے بجلی صارفین پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی، بجلی کی قیمت میں 3 روپے 49 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی پی پی اے نے اپریل کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 3 روپے 49 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کر دی ہے، درخواست پر نیپرا میں 30 مئی کو سماعت ہو گی۔ سی پی پی اے کی درخواست منظور ہونے کے بعد بجلی صارفین پر 35 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کے پیش نظر نیپرا کی جانب سے درخواست کی منظوری دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔ قبل ازیں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے 5 سالہ پاور ایکوزیشن پروگرام کی منظوری دے دی ہے، 2024ء سے 2028ء تک پروگرام کی منظوری کراچی میں بجلی کی پائیدار، مستحکم فراہمی کیلئے دی گئی۔ ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے 20 مارچ 2023 کو پاور ایکوزیشن کا جامع منصوبہ جمع کروایا تھا، 5 سالہ پروگرام میں قابل تجدید توانائی، مقامی فیول اور نیشنل گرڈ سے بجلی کا حصول شامل ہے۔