پنجاب اسمبلی میں ایرانی صدر کی شہادت پر تعزیتی قرارداد منظور

05-21-2024

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔

پنجاب اسمبلی میں ہیلی کاپٹر حادثے میں ایران کے صدر، وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ سرکاری شخصیات کی شہادت پر تعزیتی قرارداد وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے پیش کی جسے حکومت اور اپوزیشن نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت اور حادثے پر دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے، ایرانی صدر ابراہیمی رئیسی کے دورہ سے پاک ایران تعلقات کو مضبوط کرنے پر انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ایرانی صدر کی کاوشوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ پوری قوم ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی اچانک موت پر سوگوار، گہرے صدمے سے دوچار ہے، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، ایرانی صدر ابرہیم رئیسی کی شہادت سے عالم اسلام عظیم رہنما سے محروم ہوگیا۔