ہتک عزت بل 2024ء، آزادی صحافت پر کوئی قدغن برداشت نہیں کریں گے، ارشد انصاری

05-20-2024

(لاہور نیوز) لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ جتنے مرضی کالے قوانین بنا لیں آزادی صحافت پر کوئی قدغن برداشت نہیں کریں گے۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حکومت نے ہتک عزت بل 2024ء پیش کیا، بل کے خلاف اپوزیشن اور صحافیوں نے بھرپور احتجاج کیا، اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں اپوزیشن نے ایوان میں ہنگامہ آرائی کی، ارکان نے بل کے خلاف ایوان میں شدید نعرے بازی بھی کی۔ اپوزیشن نے کالا قانون نامنظور، کالے کرتوت نامنظور کے نعرے لگائے، بل کے خلاف پلے کارڈز بھی اپنی نشستوں پر آویزاں کئے، اپوزیشن نے اعلان کیا کہ بل کو مسترد کرتے ہیں۔ اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا کہ آج جو کچھ ایوان میں ہوا یہ جمہوری عمل نہیں ہے، یہ کوئی جمہوری بل نہیں ہے، حکومت نے صحافی برادری پر شب خون مارا۔  ارشد انصاری نے کہا کہ اب حکومت سن لے آپ کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں، دوبارہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہو گا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، اب قومی و صوبائی اسمبلیاں نہیں چلیں گی۔ صدر لاہور پریس کلب نے کہا کہ جتنے مرضی کالے قوانین بنا لیں آزادی صحافت پر کوئی قدغن برداشت نہیں کریں گے، موجودہ حکومت پہلے گندم امپورٹ کا جواب دے۔ ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ محترمہ چیف منسٹرصاحبہ! پیکا قوانین لاگو ہوا تو آپ نے ہمارے ساتھ احتجاج کیا تھا، آج آپ کی وفاقی اور صوبائی حکومت ہے تو ان قوانین کو لاگو کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف لاہور نہیں پورے پاکستان میں احتجاج ہوں گے، ہم آپ لوگوں کو پھر اسمبلیوں میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔ صحافیوں نے کالا قانون نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔