شہر کی مرکزی شاہراہوں کی توسیع کے دوران قبروں کی منتقلی نہ کی گئی
05-20-2024
(لاہور نیوز) شہر کی مرکزی شاہراہوں کی توسیع کے دوران قبروں کی منتقلی ہی نہ کی گئی۔
مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن کی گرین بیلٹ قبرستان کا منظر پیش کرنے لگی، گرین بیلٹ پر 13 قبریں موجود ہونے کا انکشاف ہو گیا، خیابان جناح سڑک کے درمیان گرین بیلٹس میں قبریں بنی ہوئی ہیں۔ ایل ڈی اے منصوبہ جات کے پی سی ون کے مطابق سروے میں اس امر کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے کہ قبروں اور یوٹیلیٹیز کو کسی دوسرے مقام پر منتقل کیا جائے، ماضی میں میٹرو بس، اورنج ٹرین اور بی بی پاک دامن دربار کی توسیع کے دوران قبروں کی منتقلی کا عمل مکمل کیا گیا لیکن خیابان جناح توسیعی منصوبہ میں مبینہ طور پر نااہلی برتی گئی۔ پی ایچ اے انتظامیہ کے مطابق گرین بیلٹ بننے سے پہلے یہاں قبریں موجود تھیں، ایل ڈی اے کا شعبہ انجینئرنگ گرین بیلٹس میں موجود قبروں سے لاعلم ہے۔ پی ایچ اے کے ڈائریکٹر ظہیر الحسن کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کے دوران ان قبروں کو گرین بیلٹس میں شامل کر لیا گیا، ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے صفی اللہ گوندل کہتے ہیں یہ قبریں سڑک کی تعمیر سے پہلے تھیں یا بعد میں بنیں یہ چیک کیا جا رہا ہے۔