پنجاب حکومت آئندہ بجٹ میں تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کرے، ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن

05-20-2024

(لاہور نیوز) پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن ضلع ننکانہ صاحب نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت آئندہ بجٹ میں اپنے وعدے کے مطابق تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے 100 فیصد اضافہ کرے۔

پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن ضلع ننکانہ صاحب کا کہنا ہے لیوانکیشمنٹ کو فوری طور پر سابقہ طرز پر بحال کیا جائے جبکہ تمام ایڈہاک ریلیف بنیادی تنخواہ میں ضم کرکے سکیل ریوائز کئے جائیں، میڈیکل الاؤنس اور کنوینس الاؤنس میں سو فیصد اضافہ کیا جائے۔ پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر نعمان حفیظ بٹ، تحصیل صدر شاہ کوٹ محمد اشرف بھٹی، مقامی تحصیل صدر میاں محمد عمر، جنرل سیکرٹری میاں محمد شجاع الرحمٰن بابر اور دیگر عہدیداران نے مشترکہ بیان میں لیو انکیشمنٹ کو سابقہ طرز پر بحال نہ کرنے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے مطابق تنخواہیں نہ بڑھانے اور دیگر عرصہ دراز سے جائز مطالبات پورے نہ ہونے پر کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز  نے اپنی انتخابی مہم میں اقتدار میں آنے سے قبل وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آ کر لیو انکیشمنٹ کے مسئلے کو حل کیا جائیگا اور مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائیگا۔ میاں محمد شجاع الرحمٰن بابر  نے کہا کہ مریم نواز  وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گی ہیں لہذا وزیرخزانہ پنجاب کو ہدایت فرمائیں کہ بجٹ میں ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں مہنگائی کے مطابق 100% اضافہ کیا جائے اور لیو انکیشمنٹ کو فوری طور پر سابقہ طرز پر بحال کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا تمام سرکاری ملازمین کو یوٹیلیٹی، پروفشنل ایگزیکٹو و دیگر الاؤنس بلاتفریق دیئے جائیں، ریٹائرمنٹ پر گروپ انشورنس باقی صوبوں کی طرز پر ریٹائرمنٹ کے ساتھ دی جائے، صوبائی سرکاری ملازمین کو فیڈرل ملازمین کی طرز پر ہاؤس ریکوزیشن دی جائے، کلاس فور کے ملازمین کی گریڈ 5 میں اپ گریڈیشن اور 50 فیصد ان سروس کوٹہ دیا جائے۔