وزیراعلیٰ پنجاب کی ارکان اسمبلی کو عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی
05-20-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات کی یقین دہانی کروا دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور ایم پی اے میاں مرغوب شامل تھے۔ ملاقات میں لاہور کی ڈویلپمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال اور مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ صوبے کی عمومی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، ارکان اسمبلی نے پنجاب میں عوام کی ترقی کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔ ارکان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کوعوامی ضروریات اور مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ارکان اسمبلی کو عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کروادی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگیوں میں آ سانی پیدا کرنا عزم ہے، شہروں کی صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار نظام لارہے ہیں، لاہور سمیت ہر شہر کی کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آپ کا عوامی مسائل کے حل کے لئے ویژن اور رفتار قابل تحسین ہے، نواز شریف آئی ٹی سٹی کا قیام گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔