ثقلین مشتاق کا اپنی آل ٹائم ون ڈے الیون کا انکشاف

05-19-2024

(ویب ڈیسک)پاکستان ٹیم کے سابق ہیڈکوچ اور اسپنر ثقلین مشتاق نے اپنی آل ٹائم ون ڈے الیون کا انکشاف کردیا۔

مقامی اسپورٹس چینل سے گفتگو کرتے ہوئے “دوسرا” کے موجد سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے آل ٹائم ون ڈے ٹیم میں اوپنرز میں لیجنڈری سچن ٹنڈولکر اور سعید انور شامل کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کرکٹرز اپنے وقت سے 40-50 سال آگے کی کرکٹ کھیل کرگئے۔اس کےبعد مڈل آرڈر میں آسٹریلیا کو سب سے زیادہ ورلڈکپ جتوانے والے کپتان رکی پونٹنگ کو رکھوں گا اور چوتھا نمبر ویسٹ انڈیز کے عظیم کرکٹر سر ووین رچرڈز کو دوں گا جن کے بغیر یہ اسکواڈ ادھورا ہے۔ سابق کرکٹر نے پانچویں نمبر پر پاکستان کے ظہیر عباس اور چھٹے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے گارفیلڈ سوبرز کو رکھا، ایڈم گلکرسٹ ساتویں نمبر پر ہوں گے جبکہ پاکستان کو واحد ون ڈے ورلڈکپ جتوانے والے عمران خان ٹیم کے کپتان اور تیز گیندباز کے طور پر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ باولرز کے انتخاب میں پہلا نمبر وسیم اکرم، پھر وقار یونس اور آخری میں سری لنکن کرکٹر متھیا مرلی دھرن ہوں گے۔