ٹیوٹا کے اداروں میں اکتوبر سے ایوننگ کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ

05-19-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ ٹیوٹا کے اداروں میں اکتوبر سے ایوننگ کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی، انتظامی و تدریسی کارکردگی ،لیبز کی اپ گریڈیشن اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔  چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر نے  ادارے کے مسائل کے حوالے سے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی، اجلاس میں ٹیوٹا کی 20 ناکارہ گاڑیوں کی نیلامی کی منظوری بھی دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شافع حسین نے کہاکہ عالمی مارکیٹ میں ہنر مند افرادی قوت کی ڈیمانڈ پوری کرنے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کا معیار بہتر بنانا ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیوٹا کے اداروں اور لیبز کی اپ گریڈیشن کا پلان بنالیا ہے، پہلے مرحلے میں 6 اداروں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے گا، ٹیوٹا کے اداروں میں اکتوبر سے  ایوننگ  کلاسز شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔