وزیراعظم کی کرغزستان سے زخمی طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر واپس لانے کی ہدایت

05-19-2024

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان سے پاکستانی طلبہ کو واپس لانے کیلئے خصوصی طیارے کا انتظام کرنے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق بشکیک سے پاکستانی طلبہ کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی طیارہ آج شام روانہ ہوگا، خصوصی طیارہ رات کو 130 پاکستانی طلبہ کو لے کر پاکستان پہنچے گا، وزیراعظم کی ہدایت پر خصوصی طیارے کے تمام تر اخراجات حکومت پاکستان ادا کرے گی۔ وزیراعظم نے پاکستانی سفیر کو کرغزستان میں موجود تمام پاکستانی طلبہ اور ان کے خاندانوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ زخمی پاکستانی طلبہ کو ترجیحی بنیادوں پر وطن لایا جائے، خاندان کے ساتھ مقیم طلبہ کی بھی وطن واپسی کا انتظام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالات معمول پر آنے کے باوجود اگر کوئی پاکستانی طالب علم وطن واپس آنا چاہتا ہے تو اسے ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ کچھ پاکستانی طلبہ آج دو کمرشل پروازوں کے ذریعے بھی کرغزستان سے پاکستان پہنچیں گے۔