ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سکول ٹیچر جاں بحق، بیٹا زخمی

05-19-2024

(لاہور نیوز) اقبال ٹاؤن کے علاقے نجف کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے سکول ٹیچر کو قتل کر دیا۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سکول ٹیچر کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق ہونے والے استاد نے کل حج کے لیے روانہ ہونا تھا۔ سکول ٹیچر اپنے بیٹے کیساتھ اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر گھر آرہا تھا، گھر کے قریب ڈاکوؤں نے نقدی چھیننے کی کوشش کی، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے سکول ٹیچر جاں بحق اور بیٹا زخمی ہو گیا، زخمی بیٹے کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے استاد سینٹرل ماڈل سکول سمن آباد میں تعینات تھے۔ ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران نے اقبال ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل و زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن سے رپورٹ طلب کر لی۔ محمد فیصل کامران نے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے سی سی ٹی وی اور سیف سٹی کے کیمروں سے مدد لی جائے۔