کوہلی کو ویلکم ،چاہے پی ایس ایل میں آئے یا بھارتی ٹیم کیساتھ آئے: شاہد آفریدی

05-19-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی نے پاکستان آنے کے حوالے سے اچھی بات کی ہے، اس سے مجھے ایسی ہی بات کی امید تھی۔

کراچی میں ٹیپ بال کے ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ویرات کوہلی کو ویلکم کرتا ہوں، چاہے وہ پی ایس ایل میں آئے یا بھارتی ٹیم کے ساتھ آئے۔ پاکستان ٹیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ صائم ایوب کافی ٹیلنٹڈ ہے امید ہے وہ لڑکا پرفارم کرے گا، پاکستان کو ایسا لڑکا چاہیے جو آغاز میں 6 اوور اچھا کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ محمد حارث اور صاحبزادہ فرحان کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ امریکا کی وکٹیں بلے بازوں کے لیے سازگار ہوں گی، پاکستان کو ورلڈکپ فائنل لازمی کھیلنا چاہیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی سے کرکٹ پر کم بات کرتا ہوں، وہ کافی ذہین ہے اس کو کہا ہے کہ کرکٹ پر فوکس رکھے۔ واضح رہے کہ پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کی بھارتی بلے باز ویرات کوہلی سے گفتگو کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے۔ 2022 میں ہونے والی گفتگو کی ویڈیو شہروز کاشف نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں ویرات کوہلی کی صرف آواز سنی گئی۔ شہروز سے گفتگو میں ویرات کوہلی نے پاکستان آنے کی امید کا اظہار کیا اور کہا کہ اب کرکٹ کی ٹیمیں آنے لگی ہیں، امید ہے ہم بھی جلد آئیں گے۔