موسمیاتی تغیر کا انسان کے دماغ پر کیا اثر ہوتا ہے؟ماہرین کی تحقیق سامنے آگئی
05-18-2024
(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہے کہ موسمیاتی تغیر فالج، مائیگرین، الزائمرز، مرگی اور ملٹیپل سلیروسس جیسی دماغی کیفیات کو مزید بدتر کرنے کے خطرات رکھتا ہے۔
تحقیق میں محققین نے موسمیاتی تغیر کے ممکنہ اثرات کے متعدد اعصابی کیفیات سے تعلق کو واضح کیا،تحقیق کے سربراہ کا کہنا تھا کہ موسم کے دماغ کی کچھ کیفیات بالخصوص فالج اور اعصابی نظام کے انفیکشنز پر اثرات کے متعلق ثبوت واضح ہیں۔ تحقیق کے لیے محققین نے 1968 سے 2023 تک شائع ہونے والے 332 مطالعوں سے حاصل شدہ ڈیٹا کا جائزہ لیا۔تحقیق میں محققین کا کہنا تھا کہ موسمیاتی بدلاؤ جن کے اثرات دماغی بیماریوں پر دیکھے گئے ان میں درجہ حرارت کی انتہائیں (کم اور زیادہ دونوں) اور دن بھر میں درجہ حرارت میں زیادہ تبدیلی (بالخصوص جب یہ پیمائشیں موسمیاتی اعتبار سے غیر معمولی تھیں) شامل تھیں۔ محققین نے بتایا کہ بلند درجہ حرارت یا ہیٹ ویوز کے دوران فالج کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔دریں اثنا ڈیمینشیا میں مبتلا افراد ہیٹ اسٹروک یا ہائپو تھرمیا جیسی درجہ حرارت سے متعلقہ کیفیات کے حوالے سے زیادہ حساس پائے گئے۔