گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات تاحال مکمل نہ ہوئیں ، کسان پریشان

05-18-2024

(لاہورنیوز ) گندم درآمد سکینڈل کی تحقیقات کے معاملے پر سیکرٹری کابینہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی ابھی تک تحقیقات مکمل نہ کرسکی۔

ذرائع کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ  کسانوں کی پریشانی میں اضافہ ہورہا ہے، کسان طے کردہ سرکاری نرخوں سے بھی کئی گنا کم قیمت پر گندم فروخت کرنے پر مجبور ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ پنجاب میں فی بوری گندم کی قیمت 6 ہزار روپے کی کم ترین سطح پر آگئی، وزیراعظم کی طرف سے ایم ڈی اور جی ایم پاسکو کو ہٹانے کے بعد نیا ایم ڈی تعینات نہیں ہوسکا، دوسری جانب چار لاکھ ٹن اضافی گندم خریدنے کا عمل بھی شروع نہ ہوسکا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ انکوائری کمیٹی کے اراکین نے رابطہ کرنے پر بات کرنے سے انکار کردیا ، اپنے موقف میں ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہمارا کام مکمل نہیں ہوا۔یادرہےکہ  18روز گزرنے کے باوجود انکوائری کمیٹی کی رپورٹ سامنے نہ آسکی،وزیراعظم نے ایک ہفتے میں رپورٹ مانگی تھی۔