قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کو امانت واپس لوٹا رہا ہوں: شہباز شریف

05-18-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کو امانت واپس لوٹا رہا ہوں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج کا دن میرے لئے بہت قابل اطمینان ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ ظلم کی وجہ سے پارٹی صدارت مجھے سونپی گئی تھی، نواز شریف کے ساتھ ظلم کرکے انصاف کے پرخچے اڑائے گئے، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کو امانت واپس لوٹا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے فیصلہ کیا تھا پاکستان کو ایٹمی طاقت بنائیں گے اور کرکے دکھایا، افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا، کراچی میں دوبارہ امن قائم کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2013 میں اقتدار سنبھالتے ہی میں نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے قوم کو اندھیروں سے نکالا، نواز شریف ہی ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں، نواز شریف ہی قوم کو دوبارہ متحد کر سکتے ہیں۔