پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایکسپائر ٹی وائٹنر کی بڑی کھیپ پکڑ لی

05-18-2024

(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلساز مافیا کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے ایکسپائر ٹی وائٹنر کی بڑی کھیپ پکڑ لی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے خفیہ اطلاع پر بند روڈ مشتاق ٹاؤن میں واقع گودام پر ڈیری سیفٹی ٹیموں نے چھاپہ مارا، ایکسپائر ٹی وائٹنر پر اصل تاریخ تنسیخ مٹا کر جعلی تاریخ لکھی جا رہی تھی، سٹوریج ایریا میں مکھیوں، کاکروچز کی بھرمار پائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا پنجاب فوڈ اتھارٹی لائسنس کے بغیر خوراک کا کاروبار کیا جارہا تھا، ایکسپائر ٹی وائٹنر کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے، ایکسپائر ٹی وائٹنر کی تاریخ تنسیخ تبدیل کر کے دوبارہ سپلائی کے لئے تیار کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا خوراک کا کاروبار پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین کے مطابق ہی کیا جا سکتا ہے، جعلسازوں کیخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، جڑ سے خاتمہ اولین ترجیح ہے، خرید سے قبل لیبل پڑھنے کی عادت اپنائیں۔