شہباز شریف متفقہ طور پر مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر نامزد

05-18-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف متفقہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر نامزد کر دیئے گئے۔

پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف کو قائم مقام صدر نامزد کیا گیا۔ اجلاس میں قائد میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، اسحاق ڈار سمیت دیگر اراکین شریک تھے۔ قبل ازیں پارٹی کے سابق صدر شہباز شریف،احسن اقبال نے نواز شریف کا نام بطور قائم مقام صدر تجویز کیا جس کی مریم نواز، رانا ثناء اللہ، اسحاق ڈار، پرویز رشید ودیگر اراکین نے تائید کی مگر نواز شریف نے شہباز شریف کو قائم مقام صدر نامزد کر دیا جس سے تمام اراکین نے اتفاق کیا۔  اس حوالے سے رہنما ن لیگ سیف الملوک کھوکھر نے بتایا کہ شہباز شریف 28 مئی تک ن لیگ کے قائم مقام صدر رہیں گے جبکہ 28 مئی کو جنرل کونسل کے اجلاس میں نواز شریف کو پارٹی صدر منتخب کیا جائے گا۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے رانا ثناءاللہ خان کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا ہے، مستقل پارٹی صدر کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن کے ارکان کی نامزدگی کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے فیصلوں کی توثیق سی ای سی اور حتمی منظوری جنرل کونسل اجلاس میں دی جائے گی۔