بطور انسان تعلقات سمیت متعدد غلط فیصلے کیے: آغا علی

05-18-2024

(ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار آغا علی نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے رشتوں، تعلقات اور کاروبار سمیت اسی طرح کے دوسرے معاملات میں متعدد غلط فیصلے کیے ہیں۔

آغا علی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے شوبز کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ جب ان کی عمر پانچ سال تھی تب ان کے والد آغا سکندر علی انتقال کر گئے تھے اور ان کی والدہ نے تین بچوں کی تنہا پرورش کی۔ اداکار نے بتایا کہ کیریئر بنانے کے لیے جب وہ لاہور سے کراچی منتقل ہوئے تو انہوں نے بہت مشکلات دیکھیں، وہ کرائے کے مکان کے بیسمنٹ میں رہتے تھے جہاں ایک رات وہ 11 گھنٹے تک افسردہ رہے، روتے رہے لیکن آج وہ پورے کراچی میں مشہور ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں آغا علی نے بتایا کہ حال ہی میں انٹرنیٹ پر نہ جانے کیوں لوگوں نے ان سے متعلق غلط دعوے کرنا شروع کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان سے متعلق دعوے کیے گئے کہ میرا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ میں تعلقات نبھانے میں اچھا نہیں ہوں جب کہ ایسی کوئی بات نہیں، میں بہترین شخصیت اور طبیعت کا مالک ہوں، تعلقات کو خراب کرنے والی ذہنیت والا نہیں ہوں۔ آغا علی نے ایک اور سوال کے جواب میں اعتراف کیا کہ بطور انسان ان سے بھی کچھ غلط فیصلے ہوئے، حالانکہ انہوں نے ہر فیصلہ کرنے سے قبل اس پر سنجیدگی سے غور کیا لیکن اس باوجود کچھ فیصلے غلط ہوئے۔