وزیراعلیٰ مریم نواز کا ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کو یقینی بنانے کا حکم

05-17-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کو یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں لاہور میں پرپل اور بلیو لائن ٹرینز چلانے کے لئے بہترین کنسلٹنٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی، ٹرانسپورٹ کا 5 سالہ پلان بھی طلب کر لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ لاہور کے لئے 200 ایکو فرینڈلی ڈیزل ہائبرڈ بسیں لائی جا رہی ہیں، لاہور میں 100 الیکٹرک بسیں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر چلائی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچنا چاہئے، ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کر کے عوام کو ریلیف دیں گے، انہوں نے انتظامیہ کو کرایوں میں کمی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کر دی۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی نے طلبا کے لئے بائیکس پراجیکٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بائیکس کی ای بیلٹنگ کے بعد سکروٹنی شروع کر دی گئی ہے۔