جہیز نہ ہونے سے ایک کروڑ 35 لاکھ خواتین کی شادیاں نہ ہونے کا انکشاف
05-17-2024
(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی اجلاس میں جہیز نہ ہونے کی وجہ سے ایک کروڑ 35 لاکھ خواتین کی شادیاں نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈپٹی سپیکر ظہیر چنڑ کی صدارت میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا، ایوان میں انکشاف کیا گیا کہ جہیز نہ ہونے کی وجہ سے ملک کی ایک کروڑ 35 لاکھ خواتین کی شادیاں نہیں ہو سکیں۔ حکومتی رکن احسن رضا خان نے جہیز کو معاشرے کا ناسور قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جہیز لینے اور جہیز دینے کو جرم قرار دینے کا قانون پاس کر لیا ہے، شہباز شریف نے ون ڈش کی پابندی لگائی جس سے غریب بچیوں کی شادیاں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ جہیز اور نمائش پر پابندی لگنی چاہئے، وراثت کا قانون موجود ہے، بیٹی کا حصہ وراثت سے ملتا ہے، یہ جہیز میں گاڑیوں کے چکر سے غریب خود کشی پر مجبور ہے۔ احسن رضا خان کا کہنا تھا کہ ملک کا 80 فیصد طبقہ مزدور ہے، 32 ہزار روپے مزدوری لیتا ہے، یہ 32 ہزار روپے والا بچی کو سکول میں داخل کروائے گا یا جہیز اکٹھا کرے گا، ایک کروڑ 35 لاکھ لڑکیاں شادی نہ ہونے پر گھر بیٹھی ہیں۔ وزیر بیت المال و سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے بھی جہیز کو معاشرے کی لعنت قرار دیدیا، انہوں نے کہا کہ جہیز کے خلاف انقلابی قدم اٹھانے کی ضرورت ہے، جہیز معاشرے کی برائی ہے جس سے قوم کی بیٹیوں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے اور والدین بلیک میل ہوتے ہیں۔ سہیل شوکت بٹ نے یقین دہانی کرائی کہ ہمارا محکمہ ایسا قانون لائے گا جس سے بیٹیوں کو جہیز جیسے مسائل کا سامنا نہیں رہے گا، ہم قانون بنا کر جہیز جیسے ناسور سے معاشرے کو پاک بنائیں گے تاکہ بیٹیاں شادی کے بعد اپنے گھر جا سکیں۔