ورلڈ کپ جیتنے کا کہہ کہہ کر تھک گئے ہیں،انشاءاللہ اب کرکے دکھائیں گے، شاہین آفریدی
05-17-2024
(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کو فاتح دیکھنا چاہتے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئےشاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ میں اسوقت مکمل فٹ ہوں اور ٹی20 ورلڈکپ کیلئے پوری طرح تیار ہوں ، اچھے نتائج دینے کیلئے پُر عزم ہوں، ہم بھی لوگوں کو یہ کہہ کہہ کر تھک گئے ہیں کہ ورلڈکپ جیتیں گے لیکن انشاء اللہ اس مرتبہ یہ کر کے دکھائیں گے۔ شاہین آفریدی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے اپنی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گیری کرسٹن نے ان سے یہ زبردست بات کہی کہ آپ کی شرٹ کے پیچھے جو نام ہے اس کیلئے نہیں کھیلنا بلکہ شرٹ کے آگے سینے پر جو نام ہے اس کیلئے کھیلنا ہے، یہ نہ صرف موجودہ بلکہ آنے والے کرکٹرز کے لیے بھی بہت اہم پیغام ہے۔