پنجاب حکومت کاشتکاروں کی فلاح و بہبود میں پیش پیش، کسان کارڈ جاری کرے گی

05-17-2024

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کا تاریخی کسان دوست قدم سامنے آ گیا، کسان کارڈ پر کاشتکاروں کو بیج اور کھادوں کی خریداری کیلئے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔

کسان کارڈ منصوبے پر 75 ارب روپے لاگت آئے گی، ساڑھے 12 ایکڑ سے کم زرعی زمین رکھنے والے کسان کارڈ کے لئے اہل ہونگے، کسان کارڈ پر کاشتکاروں کو بیج اور کھادوں کی خریداری کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے تک فی سیزن بلاسود قرض دیا جائیگا، ابتدائی طور پر 5 لاکھ کسانوں کو پہلے آؤ پہلے پاؤ کے تحت کارڈ جاری ہونگے۔ بینک آف پنجاب کے ذریعے کسانوں کو کارڈز فراہم کئے جائیں گے، کسانوں کو فی ایکڑ ایک ہزار روپے پروسیسنگ فیس ادا کرنا ہو گی، بینک آف پنجاب کسانوں کی آن لائن رجسٹریشن کرے گا، بیج اور کھادوں کے ڈیلرز کو بھی بینک آف پنجاب رجسٹرڈ کرے گا، قرض کی ادائیگی کرنیوالے کسان ہی اگلے برس دوبارہ قرض لینے کے اہل ہونگے۔ پنجاب حکومت نے کسان کارڈ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ہے جبکہ بینک آف پنجاب نے 10 ہزار ڈیلرز کی رجسٹریشن بھی کر لی ہے۔