ڈپٹی سپیکر کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس، ہتک عزت بل کا معاملہ زیر بحث رہا

05-17-2024

(لاہور نیوز) ڈپٹی سپیکر کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ہتک عزت بل کا معاملہ زیر بحث رہا۔

 اپوزیشن رکن رانا شہباز اور رانا آفتاب نے تحفظات کا اظہار کیا، اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ سپیکر نے اپنی مرضی سے کمیٹی بنا دی، اپوزیشن لیڈر سے حزب مخالف کے نام لئے جائیں۔ ایوان میں انکشاف کیا گیا کہ جہیز نہ ہونے کی وجہ سے ملک کی ایک کروڑ 35 لاکھ خواتین کی شادیاں نہیں ہو سکیں، حکومتی رکن احسن رضا خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ون ڈش پر پابندی لگائی، اب جہیز اور اس کی نمائش پر بھی پابندی لگنی چاہئے، وزیر بیت المال و سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ نے ایوان کو یقین دلایا کہ محکمہ جلد ایسا قانون لائے گا جس سے جہیز جیسے مسائل کا سامنا نہیں رہے گا۔ اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور نے پنجاب فرانزک ایجنسی اور الیکشن کمیشن کی سالانہ رپورٹس بھی ایوان میں پیش کیں، اپوزیشن رکن راشد طفیل کو اسمبلی گیٹ پر روکے جانے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج بھی کیا۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر اسمبلی اجلاس سوموار کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔