آبادی کی مناسبت سے پولیس افسران و اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ نہ ہو سکا

05-17-2024

(لاہور نیوز) آبادی کی مناسبت سے پولیس افسران و اہلکاروں کی تعداد نہ بڑھائی جا سکی، اس وقت لاہور کی آبادی ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق 2023 میں لاہور کی آبادی 1 کروڑ 30 لاکھ کے قریب تھی، اس وقت لاہور میں 84 پولیس سٹیشنز اور 36 چھوٹی چوکیاں ہیں اور آبادی ڈیڑھ کروڑ سے اوپر ہے، آبادی کی مناسبت سے ایک تھانے کے ذمے تقریباً ڈیڑھ لاکھ شہریوں کی حفاظت کی ذمہ داری ہے، یوں ایک اہلکار کے ذمے 600 سے زائد افراد کی حفاظت کی ذمہ داری بنتی ہے،  2017 میں آبادی 1 کروڑ 11 لاکھ جبکہ پولیس کی نفری 14 ہزار کے قریب تھی۔ اگر لاہور کی آبادی کی بات کی جائے تو 1950 میں لاہور کی آبادی 8 لاکھ 36 ہزار تھی،  1960 میں 12 لاکھ 64 ہزار، 1970 میں 19 لاکھ 64 ہزار، 1980 میں بڑھ کر آبادی 28 لاکھ 80 ہزار تک پہنچ گئی، 1990 میں 40 لاکھ، 2000 میں 56 لاکھ اور 2010میں آبادی  84 لاکھ 32 ہزار تک تھی، 2014 میں لاہور کی آبادی ایک کروڑ کے ہندسے کو چھو چکی تھی، 2022 میں 1 کروڑ 35 لاکھ اور حالیہ آبادی 1 کروڑ 44 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، اس وقت لاہور میں جرائم کی روک تھام کے لئے 21 ہزار پولیس اہلکار، 2142 ڈولفن اہلکار موجود ہیں۔ سال 2017 سے 2024 تک پولیس کی نفری میں صرف 7 ہزار اضافہ ہوا، بڑھتی آبادی کے پیش نظر پولیس نفری میں اضافہ ناگزیر ہے۔