لہسن استعمال کرنے کے کیا فوائد ہیں؟اورصحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟جانئے
05-16-2024
(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہا ہے کہ دل اور دماغ کو قوت بخشنے والا اور گاڑھے خون کو رقیق کرنے کے لیے بطوردوا استعمال کیے جانے والا قدرتی نسخہ ’لہسن‘ پیاز کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔
ماہرین کا اپنی تحقیق میں کہنا تھا کہ لہسن سرد موسم میں نزلہ، زکام، نمونیا، سینے اور ہڈیوں کے درد سے بچاتا ہے کیونکہ مزاجاً گرم اور خشک ہے، سرد موسم میں سوائے تیزابیت کے مریضوں کے کوئی بھی استعمال کر سکتا ہےجبکہ وزن کم کرنے کے لیے لہسن کا عرق زیادہ بہتر ہے اور اس کا استعمال نہار منہ زیادہ مناسب ہے۔ ماہرین نے کہا کہ دل کے مریضوں کو لہسن کھانے کی ہدایت کی جاتی ہےکیونکہ اس میں تھوڑی مقدار میں ’ کو انزائم کیو ٹین‘ ہے جو عضلات کے ریشوں کو پیدا کرتا ہے، مگر بہتر ہے اگر جدید ادویہ کوئی دل کا مریض استعمال کررہا ہو تو وہ لہسن نہ کھائے کیونکہ دل کے مریضوں کا جگر اور گردہ بہت لاغر ہوتا ہے، ایک دم فیل ہونے لگتے ہیں۔ اسی طرح چربی جو شریانوں کو تنگ کرنے کی ذمہ دار ہے ، اسے لہسن پگھلادیتا ہے، اسی وجہ سے جن اشخاص کے دل کی شریان اکلیلی (کارونری آرٹری) میں تنگی ہوتی ہے، ان کے لیے لہسن بہت افادیت کا حامل ہے۔دوسری جانب جلد ، بالوں کی نشوونما میں لہسن اپنے اندر سمائے ہوئے ’ امائی نو ایسڈ‘ کے ذریعے فائدہ پہنچاتا ہے، اس مقصد کے لیے بھی لہسن مرغی کی یخنی میں ملا کر استعمال کرنا بہتر ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ لہسن میں پایا جانے والا وٹامن سی بہت جلد جذب ہوتا ہے یوں جِلد میں رعنائی اور آنکھوں کے چند امراض میں مفید ہے۔لہسن میں موجود کیلشیم کے ساتھ وٹامن ڈی اس قدر ہوتا ہے کہ کیلشیم جلد جذب ہو جاتا ہے یوں ہڈیوں کی لچک بحال رکھتا ہے، بوڑھوں کی ہڈیاں کیلشیم کے استعمال سے دکھنے لگتی ہیں، مگر لہسن میں موجود کیلشیم سے انہیں بھی بہتری محسوس ہوتی ہے۔