قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری، ہیڈ کوچ نیدرلینڈزمیں جوائن کرینگے
05-16-2024
(لاہورنیوز) پاکستان ہاکی ٹیم اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے بعد ایک اور بڑے معرکے کی تیاری میں مصروف ، نیشن کپ کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 20 مئی تک جاری رہے گا۔
قومی ہاکی ٹیم تربیتی کیمپ کے لئے ہیڈ کوچ رولینٹ الٹمنس پاکستان نہیں آئینگے، رولینٹ الٹمنس 21 مئی کو نیدرلینڈز میں کیمپ جوائن کرینگے۔پاکستان ہاکی ٹیم نیدرلینڈز میں پریکٹس میچز کی سیریز بھی کھیلے گی ، قومی ٹیم کا کیمپ 20 مئی تک اسلام آباد میں جاری رہے گا، 21 مئی سے کیمپ نیدرلینڈز منتقل ہوجائیگا جہاں کھلاڑی 29 مئی تک ٹریننگ کرینگے۔ پاکستانی ہاکی ٹیم نیشن کپ کھیلنے نیدرلینڈز سے ہی پولینڈ جائیگی ، نیشن کپ 31 مئی سے 9 جون تک پولینڈ میں منعقد ہوگا۔ایونٹ میں پاکستان ،پولینڈ، کوریا، ملائیشیا، فرانس کی ٹیمیں شامل ہیں، جنوبی افریقہ، کینیڈا، آسٹریا، نیوزی لینڈ بھی نیشن کپ کا حصہ ہوں گے، نیشن کپ کا فاتح ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شامل ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ 11 مئی کو ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 1-4 گول سے شکست دے دی تھی، ٹورنامنٹ کے فائنل سے قبل قومی ٹیم ناقابل شکست رہی تھی، پاکستان نے 13 سال میں پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔